آپس کی بات

موبائل گیم کے شوق نے انگلیاں مفلوج کروادیں

گیم کے شوقین افراد تو بہت دیکھیں ہوں گے لیکن ہم آپ کو ایک ایسی چینی خاتون کے بارے میں بتا رہے ہیں جنہوں نے گیم کے شوق میں اپنی انگلیاں ہی مفلوج کروالیں۔

چینی صوبے ہنان سے تعلق رکھنے والی خاتون گیم کی اتنی شوقین تھیں کہ انہوں نے اپنی ایک ہفتے پر مشتمل تعطیلات کو صرف اور صرف گیم کھیل کر گزارا۔

خاتون کے انہماک کا یہ عالم تھا کہ وہ فون اسی وقت رکھتیں جب انہیں سونا ہوتا تھا جس کے بعد انہیں سیدھے ہاتھ میں شدید درد محسوس ہونا شروع ہوگیا تھا لیکن پھر بھی گیم کھیلنا نہیں چھوڑا۔

جس کے بعد نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ ان کی انگلیاں ہی اکڑ گئیں اور وہ انہیں ہلانے جلانے سے بھی معذور ہوگئیں۔

انگلیاں مفلوج ہونے کے بعد خاتون کے سر سے گیم کھیلنے کا بھوت اترا اور وہ ہسپتال گئیں جہاں ڈاکٹر نے انہیں فالج کی ایک قسم کی تشخیص کی۔

ڈاکٹرز کے مطابق اس قسم کی تکلیف اس وقت ہوتی ہے جب جسم کے کسی ایک جوڑ کو مسلسل استعمال کیا جائے۔

خوش قسمتی سے ڈاکٹرز نے فوری تشخیص کر کے انکا علاج شروع کردیا ، امید ہے کہ وہ جلد ہی دوبارہ اپنی انگلیاں ہلا پائیں گی تاہم دوبارہ وہ فون پر گیم کب کھیلنا شروع کرسکیں گی اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

خیال رہے کہ اسمارٹ فون کے مسلسل استعمال سے اعضاکی معذوری کا یہ اپنی نوعیت کا ایک انوکھا کیس سامنے آیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ برس ایک خاتون کا معاملہ سامنے آیا تھا جو فون پر گیم کھیلنے کے سبب ایک آنکھ سے جزوی طور پر نابینا ہوگئی تھیں۔