خبرنامہ

دنیا کا پہلا سولر ہائی وے تعمیر

فرانس میں دنیا کا پہلا سولر ہائی وے کا افتتاح کر دیا گیا ہے- فرانس کے علاقے Tourouvre میں موجود ایک سڑک پر سولر پینل نصب کیے گئے ہیں- یہ سولر پینل اس سڑک کے نزدیک وافع ایک گاؤں میں موجود اسٹریٹ لائٹس کو توانائی فراہم کریں گے-

یہ سڑک 1 کلومیٹر طویل ہے جبکہ سڑک کے 2800 اسکوائر میٹر کے رقبے پر یہ سولر پینل نصب کیے گئے ہیں-فرانس کی وزیرِ ماحولیات Segolene Royal کا کہنا ہے کہ “ سولر انرجی کا یہ نیا استعمال بہت فائدہ مند ہے اور اس طرح توانائی پیدا کرنے کے لیے نئی جگہ کی ضرورت نہیں پڑتی کیونکہ سڑکیں پہلے سے موجود ہیں“-

اس سڑک سے روزانہ تقریباً 2 ہزار گاڑیاں گزرتی ہیں جس سے تجرباتی طور پر اتنی بجلی حاصل ہوجاتی ہے جو اسٹریٹ لائٹس کو روشن کرنے کے لیے کافی ہے-

فرانس نے ایسی مزید سڑکیں بنانے کا بھی اعلان کیا ہے جس کے لیے 4 سالہ منصوبہ بندی کی گئی ہے- اس منصوبے کے تحت ملک بھر مزید ایسے کئی سولر ہائی وے قائم کیے جائیں گے-