خبرنامہ

اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا

مقبوضہ بیت المقدس(ملت + آئی این پی)اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا ہے ۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ ایک فلسطینی چاقو بردار کو حملے سے قبل گولی مار کر شدید زخمی کر دیا گیا ہے۔ زخمی فلسطینی جانبر نہیں ہو سکا اور ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ فلسطینی علاقے رملا کے شمال مشرق میں واقع اوفرا قصبے میں فلسطینی چاقو سے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرنے کی کوشش میں تھا۔ گزشتہ برس اکتوبر سے فلسطینیوں کے چاقو سے حملے کرنے کے سلسلے میں 36 اسرائیلی اور پانچ غیرملکی ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائیوں میں 235 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔