خبرنامہ

القاعدہ کے میزبان ممالک داعش کو بھی پناہ دے سکتے ہیں: سعودی عرب

ریاض (ملت + اے پی پی) سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل منصور الترکی نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ القاعدہ تنظیم کو نشانہ بنائے جانے کے بعد جن ممالک نے اس کی قیادت اور ارکان کو پناہ دی وہ اب اتحادی افواج کی کاری ضربوں کے نتیجے میں عراق اور شام سے فرار اختیار کرنے والے داعش کے ارکان کو بھی پناہ دے سکتے ہیں۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق منصور الترکی نے کہا کہ عراق اور شام میں داعش پر کاری ضربیں اس کو سوشل میڈیا کے ذریعے ارکان کی بھرتی اور اپنے افکار و نظریات پھیلانے سے نہیں روک سکیں گی۔ ان دونوں ممالک میں تنظیم پر قابو پانے کے بعد بھی اس کا خطرہ برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر کی موجودگی کے مقام سے قطع نظر دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے بعض ایسے ممالک ہیں جنہوں نے القاعدہ کی قیادت کو محفوظ پناہ دی لہذا داعش کے معاملے میں بھی اس منظر نامے کے دہرائے جانے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔