خبرنامہ

امریکا میں ٹریفک سگنل توڑنے پر موت کی سزا

امریکا میں ٹریفک سگنل توڑنے پر موت کی سزا

فلوریڈا(ملت آن لائن)امریکی ریاست فلوریڈا میں ٹریفک سگنل توڑ کرفرار ہونے والی خاتون ڈرائیور کو پولیس نے گولی مار کرہلاک کردیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ فلوریڈا کے شہر میامی بیچ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا جہاں گاڑی میں سوار خاتون نے انتہائی تیز فتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک سگنل توڑا اور دوسری گاڑی سے جاٹکرائی ۔اسی اثنا میں خاتون نے فرار ہوتے ہوئے مبینہ طور پر پولیس افسر کو ٹکرماردی جس پر ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں نے براہ راست فائرنگ کرکے خاتون کو ہلاک کردیا۔

میامی بیچ پولیس کے سربراہ ڈینل اوٹس کا کہنا ہے کہ خاتون ڈرائیور نے گاڑی کے باہر کھڑے پولیس اہلکار کو ٹکر ماری اور بھاگنے کی کوشش کی جس پر اہلکار نے فائرنگ کی،گولی لگنے سے خاتون زخمی ہوگئی جسے موقع پر طبی امداد دی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی اور اسپتال پہنچے سے قبل دم توڑ گئی۔

پولیس نے واقعہ میں ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت اور تفصیلات جاری نہیں کیں اور نہ ہی فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ہے۔ واقعہ پر شہریوں نے پولیس کے رویے پر سخت غصے کا اظہار کیا ہے اور سوشل میڈیا پرپولیس کے کردار کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔