خبرنامہ

امریکی جوڑے نے چودھویں بیٹے کا نام ’پھر بیٹا ہوا‘ رکھ دیا

امریکی جوڑے نے چودھویں بیٹے کا نام ’پھر بیٹا ہوا‘ رکھ دیا

مشی گن:(ملت آن لائن) امریکی جوڑے نے بیٹی کی خواہش میں چودھواں بیٹا ہونے پر اس کا نام ’پھر بیٹا ہوا‘ رکھ دیا۔ مشی گن کے رہائشی کٹیری اور جے شوان کے ہاں پے در پے تیرہ بیٹوں کی پیدائش ہوتی رہی تھی اور وہ ہر سال بیٹی کی آس میں رہتے تھے۔ خیال رہے ہمارے معاشرے میں یہی صورت حال الٹ حالت میں ہوتی ہے، والدین عموماً بیٹے کی خواہش میں بیٹیاں پیدا کرتے رہتے ہیں۔
گزشتہ بدھ کو چودھواں بیٹا ہوا تو بچے کے والد جے شوان نے اس کا نام Sheboygan Schwandt رکھا۔ ’شی بوائے گن‘ کے درمیانی نام کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ یہ نام انھوں نے اپنے سسر سے سنا تھا۔ ایک مقامی امریکی چیف کے ہاں بھی لڑکے ہورہے تھے، آخری بچے کے بارے میں انھیں یقین تھا کہ بیٹی ہوگی، لیکن بیٹا ہونے پر انھوں نے اس کا یہی نام رکھا، جس کا مطلب تھا کہ ’شی از آ بوائے اگین‘ یعنی پھر لڑکا ہوا۔ جے شوان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے ہاں پیدا ہونے والا آخری بچہ ہے، مزید کسی بچے کا کوئی امکان نہیں، تاہم اس سے قبل پیدا ہونے والے بچوں کے بارے میں بھی وہ یہی دعویٰ کرچکے ہیں۔ خیال رہے ہمارے ہاں بھی مقامی سطح پر اس قسم کے نام اس وقت رکھے جاتے ہیں جب والدین پے در پے بیٹیوں کی پیدائش سے تنگ آجاتے ہیں۔
خطرناک قیدیوں کی سہولت کار بلی گرفتار
بچوں کی ماں کٹیری شوان کا کہنا تھا کہ وہ بھرے پُرے خاندانوں کی عادی رہی ہے، جب بھی ان کے ہاں نیا بچہ آیا، اس نے خاندان کی عمارت میں کوئی خصوصی اضافہ ہی کیا، ان بچوں میں سے کوئی بھی کم ہو تو بہت گڑ بڑ محسوس ہوتی ہے۔ یہ جوڑا راک فورڈ، مشی گن میں رہائش پذیر ہے، چودہ بچوں میں سے ایک بھی بیٹی نہیں ہے، سب سے بڑے بیٹے کی عمر بیس سال ہے۔ اس فیملی پر ڈاکومینٹری بھی بن گئی ہے جو جلد ہی مقامی چینل سے نشر ہوگی۔