خبرنامہ

اٹلی میں سینکڑوں مسلمانوں کا مسجد کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

روم ۔ 22 اکتوبر (ملت + اے پی پی)اٹلی کے دارالحکومت روم میں سینکڑوں مسلمانوں نے مسجد کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سینکڑوں کی تعداد میں مسلمان شہری روم کے قدیم کولوسئیم میں جمع ہوگئے جہاں انہوں نے نمازظہرادا کی ۔ مظاہرین نے بڑے بڑے پلے کارڈز اوربینرزاٹھارکھے تھے جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں اوردیگر اقلیتوں کے شہری اورمذہبی حقوق کا احترام کیا جائے۔مظاہرے کا اہتمام شہری حقوق کی ایک تنظیم نے کیا تھا۔مظاہرے کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے تھے تاہم اس دوران کوئی ناخوشگوارواقعہ رونماء نہیں ہوا۔ایک بنگلہ نژاد شہری نے بتایا کہ 2012میں بنائی گئی مسجد کو حکام نے بند کردیا ہے واضح رہے کہ ایک اندازے کے مطابق اٹلی میں 1.6ملین مسلمان رہتے ہیں۔