خبرنامہ

اٹلی میں یکے بعد دیگرے دو زلزلوں سے10 افراد زخمی،کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا

روم ۔ 27 اکتوبر (ملت + اے پی پی)اٹلی میں یکے بعد دیگرے دو زلزلوں سے10 افراد زخمی اورکئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اٹلی کے مرکزی علاقوں میں بدھ کی رات دو بار زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ متاثرہ علاقوں میں لوگ زلزلے کے جھٹکوں سے خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔حکام کے مطابق 5.5 کی شدت کا پہلا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات نو بج کر دس منٹ پر صوبہ میسراتا میں ویسو کے پاس محسوس کیا گیا۔اس کے تقریباً دو گھنٹے بعد اسی علاقے میں 6.1 کی شدت کا دوسرا زلزلہ آیا۔ ان واقعات میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں لیکن فوری طور پر کسی کی ہلاکت کی کوئی خبر نہیں ہے۔عوام کے تحفظ سے متعلق محکمے کے ایک افسر فبریزیو کیروچو نے بتایا ہے کہ تقریباً دس افراد زخمی ہوئے ہیں جس میں سے چار کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔زلزلے کے یہ جھٹکے اٹلی کے دارالحکومت روم سمیت تقریباً سبھی مرکزی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔اٹلی کے نیشنل جیوفزکس کے ادارے کے ایک افسر ماریو توزی نے کہا ہے کہ زلزلے کے بعد آنے والے جھٹکے کافی دیر تک کئی بار مہینوں تک جاری رہ سکتے ہیں۔دارالحکومت روم میں زلزلے سے عمارتیں لرز گئیں اور کھڑکیاں کھڑ کھڑانے لگیں۔ایک عینی شاہد نے اطالوی ٹی وی کو بتایا کہ انھوں نے اپنے سامنے ایک عمارت کے بعض حصوں کو گرتے ہوئے دیکھا۔اس شہر کے ایک رہائشی نے بتایا کہ ہر شخص تحفظ کے مد نظر گاڑیوں کے ذریعے یا پیدل ہی کیمرینو شہر چھوڑ رہا ہے۔ دو چرچ پوری طرح سے تباہ ہوگئے ہیں جبکہ کئی مکانات گر چکے ہیں۔بعض علاقوں میں زلزلے کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ بعض تاریخی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔