خبرنامہ

ایران کیلئے جاسوسی کے الزام میں جرمنی میں پاکستانی شہری کو سزا

برلن (ملت + آئی این پی) جرمنی نے ایران کیلئے جاسوسی کرنے والے ایک پاکستانی شخص کو مجرم قرار دیدیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن کی اعلی عدالت کی ترجمان کے مطابق مصطفی حیدر سید نقفی نامی 31 سالہ شخص کو غیر ملکی خفیہ ادارے کے ساتھ کام کرنے کے جرم میں 4 سال اور 3 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ دوران سماعت عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ مذکورہ شخص جرمنی اور ایک نیٹو رکن ملک کے خلاف ایرانی پاسداران انقلاب کے ایلیٹ یونٹ کی قدس فورس کے لیے جاسوسی میں ملوث تھا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق مصطفی حیدر نامی شخص نے جرمن قانون ساز اور جرمنی و اسرائیلی ادارے کے سابق سربراہ سمیت فرانس و اسرائیل کے معاشیات کے پروفیسر پر ممکنہ حملے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی تھیں۔دوران تحقیق مذکورہ دونوں افراد پر تفصیلی رپورٹس اور ان کی ہزاروں تصاویر، ویڈیوز سمیت روزمرہ معمولات کا پورا ریکارڈ مجرم سے برآمد کیا گیا۔تفتیش کاروں نے عدالت کو بتایا کہ مجرم نے ان دونوں افراد کے گھر، دفاتر تک جانے والے راستوں، ان راستوں پر موجود سیکیورٹی گارڈز، خفیہ کمیروں اور قریبی پولیس اسٹیشنز کی معلومات بھی اکھٹی کر رکھی تھیں۔جرمنی کی مقامی خفیہ سروس کے نمائندے کے مطابق انہیں مشتبہ شخص کے بارے میں معلومات ایک مستند ذریعے سے حاصل ہوئیں۔خیال رہے کہ جوابی جاسوسی کرنے والی جرمنی کی خفیہ سروس کو معلومات حاصل ہوئی تھیں کہ ایران کی قدس فورس امریکا اور اسرائیل کے ممکنہ تصادم کے پیش نظر یورپ کو نشانہ بناسکتی ہے۔جرمن تحقیقاتی اداروں کے مطابق کراچی میں پیدا ہونے والے مصطفی حیدر نے 2012 میں بطور طالب علم جرمنی کا رخ کیا تھا اور وہ مغربی شہر بریمن میں رہائش پذیر تھا۔پاکستانی شخص جرمنی میں قیام کے دوران اکتوبر 2015 اور فروری 2016 میں دو بار ایران کا سفر کرچکا ہے جبکہ خفیہ سرگرمیوں کے لیے اسے 2 ہزار 237 امریکی ڈالر ادا کیے گئے۔مجرم کے وکیل کے مطابق مصطفی حیدر کو جولائی 2016 میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم خوف کی وجہ سے اس نے ٹرائل کے دوران اپنے جرم کا اقرار نہیں کیا۔