خبرنامہ

برطانیہ میں لاوارث بچوں کی تعداد میں60 فیصد اضافہ

لندن ۔ 28 اکتوبر (ملت + اے پی پی) برطانیہ میں سرکاری اعداد و شمارکے مطابق گذشتہ 6 برسوں کے دوران لاوارث بچوں کی تعداد میں 60فیصد اضافہ ہواہے۔برطانوی اخبار اینڈیپنڈینٹ کے مطابق سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 6 برسوں کے دوران جب سے برطانیہ میں کنزرویٹو پارٹی برسراقتدار آئی ہے لاوارث بچوں کی تعداد میں 60 فیصد اضافہ ہواہے ۔ان اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے میں ایسے کنبوں کی تعداد میں 70 فیصد اضافہ ہوا ہے جن کے پاس رہنے کے لئے گھر نہیں ہیں ۔ 2015 میں برطانیہ میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے 19 ہزار سے زیادہ کنبوں کا اندراج کیا گیا جن کے پاس رہنے کے لئے گھرنہیں ہیں جبکہ ایسے کنبوں کی تعداد 2010 میں 12 ہزار تھی ۔برطانیہ کی لیبر پارٹی نے کہا ہے کہ لاوارث بچوں اور بے گھر کنبوں کی تعداد میں اضافہ، کنزرویٹو پارٹی کی غلط اقتصادی پالیسی کا نتیجہ ہے ۔ لیبرپارٹی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے رفاہی شعبے اور لوگوں کو مکان فراہم کرنے سے متعلق بجٹ کو کم کردیا ہے ۔برطانیہ کے مختلف شہروں خاص طور پر لندن میں لوگوں کو مکانات کی عدم دستیابی کا سامنا ہے ۔ برطانوی حکومت نے ہاؤس لون اور دیگر مراعات کم یا ختم کردی ہیں جس کی وجہ سے متوسط سے نچلے درجے اور غریب طبقے کے لوگ اپنے لئے سرچھپانے کا انتظام نہیں کرپارہے ہیں ۔