خبرنامہ

ترک سیکورٹی فورسز کا علیحدگی پسند تنظیم کے 40دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

انقرہ (ملت آن لائن + آئی این پی) ترک سیکورٹی فورسز نے فوجی کاروائیوں میں علیحدگی پسند تنظیم ’’پی کے کے ‘‘ کے 40دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک فوجی حکام کا کہنا ہے کہ علیحدگی پسند تنظیم’’پی کے کے ‘‘ کے خلاف آپریشنز میں گزشتہ 5 دنوں میں 40 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔سالہا سال سے دہشت گرد کیمپ کے طور پر استعمال کردہ علاقے پر فضا اور خشکی سے کاروائیاں جاری ہیں، علاقے سے دہشت گردوں سے تعلق رکھنے والے بھاری تعداد میں اسلحہ اور روز مرہ کے استعمال کی اشیا برآمد ہوئی ہیں۔دیارباکر کی تحصیل کلپ کے مضافات میں جاری آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔حقاری ، بطلس، ایل آزی اور ماردن کی بے آباد زمینوں میں تحقیقات کے دوران تعین کردہ پناہ گاہوں سے بھی بھاری تعداد میں سازو سامان برآمد ہوا ہے۔ترک مسلح افواج نے شمالی عراق کے علاقوں زاپ اور گارا پر فضائی کاروائی کی جس دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال دو غاروں، 2 پناہ گاہوں اور 4 مورچوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔مسلح افواج کے سربراہ جنرل خلوصی آقار کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی کاروائیاں بلند سطح کی کامیابیوں کے ساتھ جاری ہیں۔23 اپریل یوم اطفال و قومی حاکمیت کے حوالے سے قومی اسمبلی میں دیے گئے استقبالیہ میں شرکت کرنے والے جنرل آقار نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ترک فوج بہادری کی داستانیں رقم کر رہی ہے، ہر چیز ہماری منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے۔دہشت گردوں کے مکمل طور پر خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی ، ترک افواج شہریوں کے نقصان کا سد باب کرنے کے لیے ہر ممکنہ تدابیر اختیار کر رہی ہیں۔