خبرنامہ

تفتیشی مہم سے خوف و ہراس، سعودیوں کے نام سے کاروبار کرنے والے تارکین نے دکانیں بند کردیں

جدہ ۔ (ملت+اے پی پی) سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کی تفتیشی ٹیموں نے متعدد تجارتی سیکٹروں میں سعودائزیشن کے قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے تفتیشی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ جدہ کے مختلف علاقوں میں قائم مارکیٹوں میں تفتیشی ٹیموں کی کارروائیوں کے پیش نظر وہ دکانیں جہاں سعودی کارکن متعین نہیں کئے گئے تھے دن بھر بند رہیں۔ ہیومن ڈویلپمنٹ فنڈ(ہدف ) کو ٹاسک دیا گیا تھا کہ وہ مقامی افرادی قوت کو مارکیٹ کے مطابق عملی تربیت فراہم کرے تاکہ تربیت یافتہ سعودی ملازمین کو غیر ملکیوں کی جگہ متعین کیاجاسکے۔ سعودیوں کو مارکیٹ کی عملی تربیت فراہم کرنے کیلئے ہدف کی جانب سے باقاعدہ شارٹ کورسسز کا انعقاد کیا گیا جس میں سعودیوں کو عملی تربیت فراہم کی گئی۔ پہلے مرحلے میں شامل مذکورہ شعبوں میں سعودیوں نے کام کا آغاز کر دیا اس ضمن میں جدہ کی متعدد مارکیٹیں جہاں سعودیوں کو متعین نہیں کیا گیا تھا تفتیش کے پہلے روز بند رہیں جبکہ وہ دکانیں جہاں سعودیوں کو ملازمت فراہم کی گئی تھی وہ کھلی رہیں۔ وزارت محنت کی تفتیشی ٹیموں نے ان دکانوں کا دورہ کیا اور وہاں کام کرنے والوں کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے ۔