خبرنامہ

جھینگرسے بنی دنیا کی پہلی ڈبل روٹی تیار

جھینگرسے بنی دنیا کی پہلی ڈبل روٹی تیار
ہیلنسکی:(ملت آن لائن) فن لینڈ میں ایک فوڈ کمپنی نے جھینگر سے بنی دنیا کی پہلی ڈبل روٹی تیار کی ہے اور کہا ہے کہ عام ڈبل روٹی کے مقابلے میں یہ لوگوں کو زیادہ پروٹین فراہم کرے گی جس سے غذائی قلت کا خاتمہ ہوگا۔ یہ اپنی نوعیت کی واحد مصنوعہ ہے جسے فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے، ہر ڈبل روٹی میں تقریباً 70 کے لگ بھگ خشک اورپسے ہوئے کرکیٹس (جھینگر) موجود ہیں جو کہ ہالینڈ سے درآمد کیے گئے ہیں، انہیں گندم، کئی اقسام کے بیجوں اوردیگر اجزا شامل کرکے تیارکیا جارہا ہے۔ فوڈ کمپنی کے مالک نے بتایا کہ عام ڈبل روٹی کے مقابلے میں اس ڈبل روٹی میں زیادہ پروٹین موجود ہے، یہ چار یورو میں فروخت کی جائے گی جبکہ عام ڈبل روٹی کی قیمت دو سے تین یورو ہے۔2013 میں اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً دو ارب افراد کی خوراک میں کیڑے مکوڑے شامل ہیں اور تقریباً 1900 اقسام کے کیڑے دنیا بھر میں کھائے جاتے ہیں۔فن لینڈ میں رواں ماہ ہی خوراک کے طور پر کیڑوں کی فروخت پرعائد پابندی ختم کردی گئی ہے جبکہ پانچ دیگر یورپی ممالک برطانیہ، ہالینڈ، بیلجیم، آسٹریا اور ڈنمارک پہلے ہی اس کی اجازت دے چکے ہیں۔