خبرنامہ

حلب پر بمباری کا سلسلہ جاری رہا تو شام اور روس پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں

لندن۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) امریکا اور برطانیہ نے شام اور روس کو خبر دار کیا ہے کہ اگر حلب پر بمباری جاری رہی تو دونوں ممالک پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں جان کیری نے کہا کہ حلب میں انسانیت کے خلاف جرائم روزانہ ہو رہے ہیں۔انہوں نے حلب میں صورتحال کو سب سے بڑا انسانی بحران قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ روس کو اس بات کو سمجھ لینا چاہیے کہ یہ جنگ سیاسی حل کے بغیر ختم نہیں کی جاسکتی۔بورس جانسن نے بھی روس سے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کر کے شامی عوام کی مدد کرے۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کی ضرورت ہے اور جنیوا میں دوبارہ مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔ دونوں رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ یمن میں بھی جنگ بندی کی جائے۔جان کیری نے کہا یہ وقت غیر مشروط جنگ بندی کا ہے اور پھر مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔