خبرنامہ

دبئی: 4 درہم فیس سے بچنے کی کوشش، ڈرائیور کو ڈیڑھ لاکھ درہم جرمانہ اور ملک بدر

دبئی ۔ 16 اکتوبر (ملت + اے پی پی) متحدہ عرب امارات کی مقامی عدالت نے ایک ایشیائی شہریت رکھنے والے ڈرائیور کو 3 ماہ قید اور ڈیڑھ لاکھ درہم جرمانے اور ملک سے بے دخلی کی سزا سنائی ہے۔ عربی روزنامہ المارات الیوم کی رپورٹ کے مطابق 41 سالہ ملزم نے پارکنگ کی فیس سے بچنے کے لیے دو مرتبہ الکٹرانک پارکنگ ٹکٹ میں جعل سازی کی جن کی مجموعی رقم 4 درہم بنتی ہے۔دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ایک تفتیش کار نے گاڑیوں پر لگے ٹکٹوں کے معائنے کے دوران دو درہم کے ایک ٹکٹ پر شک کا اظہار کیا تھا۔ باریک بینی سے جائزہ لینے پر ٹکٹ کی تاریخ میں واضح جعل سازی کا انکشاف ہو گیا۔ تاہم تفتیش کار کی غفلت سے ڈارئیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ دو روز بعد اسی علاقے میں مذکورہ ملزم نے ایک مرتبہ پھر اس حرکت کو دہرانے کی کوشش کی تو وہ تفتیش کار کی نظر میں آ گیا۔ پولیس کو اطلاع دیئے جانے پر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے پاس سے دونوں تحریف شدہ ٹکٹ برآمد ہوئے۔ ڈرائیور نے 4 درہموں کی ادائیگی سے بچنے کے لیے ان دو ٹکٹوں میں جعل سازی کا اعتراف کر لیا۔