خبرنامہ

دہشت گرد تنظیم فیتو دنیا بھر کے لیے خطرہ تشکیل دیتی ہے ،ترک وزیر اعظم

انقرہ(ملت + آئی این پی) ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم فیتو دنیا بھر کے لیے خطرہ تشکیل دیتی ہے ،فیتو 160 ممالک میں سر گرم عمل ہے اور مستقبل میں یہ افریقی ممالک کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتی ہے،اس کی روک تھا م کے لیے ہر ملک کو پہلے سے تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ترک میڈیا کے مطابق وزیر اعظم بن علی یلدرم نے ترک افریقہ بزنس فورم کے گالا عشائیے میں افریقی ممالک کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انھیں ایک بار پھر فیتو کے معاملے میں خبر دار کیا اور ان سے ضروری تدابیر اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ۔انھوں نے فیتو کی طرف سے 15 جولائی کی ناکام بغاوت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم کی کاروائیاں صرف ترکی تک محدود نہیں ہیں ۔ اس بغاوت سے یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ دہشت گردی حدود پار کر سکتی ہے۔ مہمان نمائندوں کو 15 جولائی کی بغاوت کی دستاویزی فلم بھی کو دکھائی گئی ۔ وزیر اعظم یلدرم نے اس طرف توجہ دلائی کہ ترکی کا دورہ کرنے والے غیر ملکی واقعات کو دور سے دیکھنے کی وجہ سے مختلف نظریات رکھ سکتے ہیں لیکن ہم نے ترکی آنے والے تمام مہمانوں کو حقیقت کی عکاسی کرنے والی دستاویزی فلم دکھا ئی تا کہ وہ حقائق کو اپنی آنکھوں سے دیکھ کر فیصلہ کریں ۔ یہ مہمان اپنے نظریات کو بدل کر واپس جاتے تھے ۔ انھوں نے اس طرف توجہ دلائی کہ یہ سوچ درست نہیں ہے کہ یہ تنظیم اپنی کاروائیوں کو ترکی تک ہی محدود رکھے گی ۔ فیتو 160 ممالک میں سر گرم عمل ہے اور مستقبل میں یہ افریقی ممالک کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔یہ تنظیم ان ممالک میں تعلیمی سرگرمیوں اور امدادی انجمنوں کی وساطت سے سر گرم عمل ہے ۔ اس کی روک تھا م کے لیے ہر ملک کو پہلے سے تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔وزیر اعظم یلدرم نے کہا کہ ترکی کے افریقی ممالک کیساتھ تعلقات ترقی یافتہ مغربی ممالک کے تعلقات سے مختلف نوعیت کے ہیں ۔ 10 سال قبل افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی حجم جو چھ سات ارب ڈالر تھا بڑھ کر 18 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے ۔ ترک ٹھیکہ دار کمپنیوں نے براعظم افریقہ میں 60 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری اور 104 ممالک میں 300 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ دنیا کی عظیم ترین 250 ٹھیکہ دار کمپنیوں کی فہرست میں 43 ترک کمپنیاں بھی موجود ہیں ۔