خبرنامہ

سعودی شہریوں کیلئے ائیرپورٹ ویزہ منسوخ نہیں کیاگیا، ترک حکام

ریاض ۔ (ملت آن لائن) ترک حکومت نے کہا ہے کہ سعودی شہریوں کیلئے ایئرپورٹ ویزہ منسوخ نہیں کیا گیا۔سعودی اخبار کے مطابق یہ یقین دہانی ترک ایئرلائنز اور ریاض میں ترک سفارتخانے کے عہدیداروں نے ان اطلاعات کے جواب میں باقاعدہ بیان جاری کرکے کی ہے۔ جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ترکی نے اپنے ہوائی اڈوں سے خودکار ویزوں کے اجراء کیلئے مخصوص مشینیں ہٹا لی ہیں۔ آئندہ سعودی شہریوں کو ایئرپورٹ پر ویزہ نہیں ملے گا۔ اس کی کارروائی انہیں ترکی جانے سے پہلے کرنی ہوگی۔ ترک حکام نے توجہ دلائی کہ استنبول کے اتاترک ایئرپورٹ سمیت متعدد ہوائی اڈوں سے صرف 10مشینیں ہٹائی ہیں۔ ان کی جگہ ویزوں کے اجراء کیلئے خصوصی کاؤنٹر کھول دیئے گئے ہیں۔ ویزوں کے سلسلے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ استنبول ایئرپورٹ سے جو مشینیں ہٹائی گئی ہیں۔ ان کا ویزہ پالیسی سے کوئی تعلق نہیں۔ ترک سفارتخانہ نے اطمینان دلایا کہ جن ممالک کے شہریوں کو آن لائن ویزوں کی سہولت تھی وہ آئندہ بھی رہے گی، کوئی بھی شخص ترکی پہنچ کر 3منٹ کے اندر اندر آن لائن ویزہ حاصل کر سکتا ہے۔