خبرنامہ

سعودی عرب میں پولیس مقابلے کے دوران مشتبہ دہشت گرد ہلاک

ریاض (ملت + آئی این پی) سعودی عرب میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں مطلوب شخص کوگولی مار کر ہلاک کر د یاگیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں مطلوب شخص کو ملک کے مشرقی صوبے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ فائرنگ کے دوران ایک سعودی پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔ سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ روز شیعہ اکثریتی علاقے قطیف میں اس وقت پیش آیا جب مشتبہ شخص نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے سیکیورٹی اہلکاروں پر گولی چلا دی۔ قطیف اور اس کے قرب و جوار میں سن 2014 سے اب تک شیعہ رہائشیوں کی جانب سے کبھی کبھار ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں قریب نو پولیس اہلکار فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ شیعہ آبادی سعودی حکومت پر الزام عائد کرتی ہے کہ اسے پسماندہ رکھا جا رہا ہے۔