خبرنامہ

سول سرونٹ کےجلدی ڈیسک چھوڑنے پرجاپانی حکام کی ٹی وی پرآکرمعافی

ٹوکیو: جاپانیوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ وقت کے انتہائی سخت پابند ہوتے ہیں اور اس کا ثبوت اُس وقت دیکھنے کو ملا جب ایک سول سرونٹ کے لنچ ٹائم سے 3 منٹ پہلے چلے جانے پر جاپانی حکام نے قومی ٹی وی چینل پر ایک نیوز کانفرنس کے دوران جھک کر معافی مانگی۔

دی انڈیپنڈنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق جاپانی شہر کوبے (Kobe) میں واٹر ورکس بیورو میں کام کرنے والا ایک 64 سالہ سول سرونٹ آفس کا لنچ ٹائم شروع ہونے سے تین منٹ پہلے ہی قریبی ریسٹورنٹ سے کھانا خریدنے چلا گیا۔

مذکورہ سول سرونٹ کا نام نہیں بتایا گیا تاہم یہ ضرور سامنے آیا ہے کہ وہ 7 ماہ کے عرصے کے دوران 26 مرتبہ ایسا کرچکا ہے۔

کوبے سٹی کے حکام نے اس حرکت کو ‘انتہائی قابل مذمت’ قرار دیتے ہوئے ٹی وی پر ایک پریس کانفرنس کے دوران معافی مانگی اور کہا کہ ‘ہم معذرت خواہ ہیں’۔

واضح رہے کہ جاپان میں لنچ بریک دوپہر 12 سے 1 بجے کے درمیان ہوتا ہے، لیکن مذکورہ سول سرونٹ لنچ سے پہلے ہی ڈیسک سے اٹھ گیا تھا، جس کی نشاندہی اس کے ایک ساتھی نے کی تھی۔