خبرنامہ

شام، داعش کے حملے، 49 اہلکار ہلاک؛ 168 آئل ٹینکر تباہ

دمشق / بیروت / جنیوا:(ملت+اے پی پی) شام میں داعش نے حملوں کے دوران 49 شامی اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ یہ ہلاکتیں پلمیرا شہر کے قریب 24 گھنٹوں کے دوران ہوئیں۔ پلمیرا کے صحرا میں امریکی اتحادی فوج کی بمباری میں داعش کے 168 آئل ٹینکر تباہ ہوگئے۔ اے ایف پی کے مطابق حلب میں شامی جنگی طیاروں نے باغیوں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ حلب میں باغیوں کے علاقوں سے نکلنے والے سیکڑوں مرد اور لڑکے مبینہ طور پر لاپتہ ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں شامی فوج نے حلب کے کم از کم 75 فیصد علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے برائے انسانی حقوق کے ترجمان روپرٹ کولوِل نے کہا کہ حراست میں رکھنے کے حوالے سے شامی حکومت کا ریکارڈ بہت خراب ہے اسی لیے اقوام متحدہ کو ان مردوں اور لڑکوں کی حفاظت کے حوالے سے خدشات ہیں جو حلب کے باغیوں کے علاقے سے شامی حکومت کے کنٹرول علاقوں میں آئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ شام میں اپوزیشن گروپ شہریوں کو حلب سے باہر جانے سے روک رہے ہیں۔ یہ بات اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے ترجمان روپٹ کول ول کی طرف سے جاری بیان میں کہی گئی۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ حلب سے فرار ہونے میں کامیاب ہو جانے والے بعض شہریوں نے بتایا کہ اپوزیشن گروپوں سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد انھیں حلب سے باہر محفوظ مقامات کی طرف جانے سے روک رہے ہیں۔