خبرنامہ

شامی اور روسی طیاروں کی مسجد پربمباری، 50 نمازی شہید

دمشق: (ملت+آئی این پی)شام کے شورش زدہ شہر حلب پر سرکاری فوج اور اس کی معاون روسی فوج کے جنگی طیاروں نے تازہ وحشیانہ بمباری کرتے ہوئے مسجد میں موجود نمازیوں پر بم گرادیئے جس کے نتیجے میں 50 نمازی شہید اوردرجنوں زخمی ہوگئے،جبکہ بمباری کے نتیجے میں جامع مسجد ملبے کا ڈھیر بن گئی ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق انسانی حقوق کے کارکنوں کی طرف سے فراہم کردہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز حلب میں تقاد کے مقام پر روسی اور شامی فوج کے بمبار طیاروں نے ایک جامع مسجد پر اس وقت بم گرائے جب وہاں پر سیکڑوں شہری نماز جمعہ ادا کررہے تھے۔ جس کے نتیجے میں 50 شہری شہید اوردرجنوں زخمی ہوگئے۔ بمباری کے نتیجے میں تقاد قصبے میں واقع جامع مسجد ملبے کا ڈھیر بن گئی ہے۔ادھر شام سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جمعرات کے روز چھن جانے والے تمام مقامات انقلابی فورسز نے سرکاری فوج سے دوبارہ واپس لے لیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات کو شامی فوج نے حلب میں مساکن ھنانون، پوسٹ آفیس کالونی، جامع مسجد عمر بن الخطاب اور کئی دوسری اہم عمارتوں پر قبضہ کرلیا تھا تاہم گذشتہ روز باغیوں نے دوبارہ یہ جگہیں سرکاری فوج سے چھین لی ہیں۔