خبرنامہ

شامی فوج نے حلب میں کارروائی معطل کردی

ماسکو۔: (ملت+اے پی پی) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ شام کے شہر حلب کے مشرقی حصے میں شامی افواج نے فوجی کارروائی معطل کر دی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سرگئی لاروف کا جرمنی میں یورپی وزرا خارجہ کی ملاقات کے موقع پر کہنا تھا کہ میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ شامی افواج کی جانب سے مشرقی حلب میں فوجی آپریشنز روک دیے گئے ہیں کیونکہ ایک بڑی تعداد میں شہریوں کا انخلا ہو رہا ہے۔ سرگئی لاروف کا کہنا ہے مزید 8000 افراد کا انخلا ہوا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سنیچرکو روسی اور امریکی عسکری ماہرین جنیوا میں ملاقات کر رہے ہیں تاکہ حلب میں تشدد کے خاتمے کی کوئی راہ نکالی جا سکے۔ادھر وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا ہے کہ صورتحال کے حوالے سے ہمارا طریقہ کار یہ ہے کہ روسی جو کہتے ہیں انھیں احتیاط سے سنیں لیکن ان کے عملی اقدامات پر نظر رکھیں۔امریکہ محکمہ خارجہ کی ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ سرگئی لاروف نے جان کیری سے بات چیت کی ہے اور دونوں جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے تاکہ امداد کی فراہمی اور شہریوں کا انخلا ممکن ہو سکے۔ ترجمان کے مطابق سنیچر کو ہونے والی ملاقات کی مخصوص نوعیت کے بارے میں غور کیا جارہا ہے۔