خبرنامہ

شام: سکول پر بمباری ، 22 بچے اور6اساتذہ جاں بحق، درجنوں زخمی

دمشق(ملت + آئی این پی) شام میں سکول پر فضائی بمباری کے نتیجے میں22 بچے اور 6اساتذہ جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے،اقوام متحدہ نے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا ہے ۔غیرملکی میڈیا کے مطابق شام کے شمال مغربی صوبہ ادلیب میں اسکول پر فضائی بمباری کے نتیجے میں 22 بچے جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے جب کہ فضائی بمباری کے باعث سکول کی قریبی عمارتیں بھی منہدم ہوگئیں۔ بمباری کے نتیجے میں زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔شام میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق اسکول کے مرکزی دروازے پر ایک راکٹ آکر گرا جب کہ بمباری اس وقت کی گئی جب بچے چھٹی کے بعد گھر جانے کی تیاری کر رہے تھے اور غالب امکان ہے کہ جن طیاروں سے بمباری کی گئی وہ روس کے تھے۔یونیسف کے بقول اگر بمباری جان بوجھ کر کی گئی ہے تو یہ جنگی جرم ہے۔ سیریئن آبزرویٹری کے مطابق ان فضائی کارروائیوں میں تقریبا پینتیس افراد مارے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شامی اور روسی طیاروں نے حاس نامی علاقے پر چھ مختلف حملے کیے اور یہ اسکول بھی اسی علاقے میں واقع ہے۔ طلبہ کے ساتھ ساتھ چھ اساتذہ بھی لقمہ اجل بنے۔