خبرنامہ

شام نے حلب کو انتظامی خودمختاری دینے کی تجویز مسترد کردی

دمشق : (ملت+اے پی پی) شامی حکومت نے اقوام متحدہ کی طرف سے جنگ زدہ مشرقی حلب میں انتظامی خود مختاری کی تجویز مسترد کردی ہے۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق شامی وزیرخارجہ ولید المعلم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مندوب اسٹیفن دی میستورا نے مشرقی حلب میں جہاں اپوزیشن فورسز کا کنٹرول ہے خود مختار انتظامیہ تشکیل دینے کی تجویز پیش کی تھی مگر ہم نے یہ تجویز مسترد کردی ہے۔ امن مندوب سے ملاقات کے بعد دمشق میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ولید المعلم نے کہا کہ مشرقی حلب میں دی میستورا کی جانب سے انتظامی خود مختاری کی تجویز ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے کیونکہ اس سے قومی خود مختاری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کمزور ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں شامی وزیرخارجہ نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پیش روؤں کی غلطیوں کا ازالہ کریں گے۔ وہ شام میں لڑنے والے عسکری گروپوں کی مسلح امداد بند کرنے کے ساتھ ان کے علاقائی سہولت کاروں پر بھی کنٹرول کریں گے۔