خبرنامہ

صحرائے سینا 8 مصری فوجی ہلاک

قاہرہ: (ملت+اے پی پی) مصر کی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صحرائے سینا کے شمالی علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کے حملے میں 8فوجی ہلاک ہو گئے ہیں فوج کے مطابق جمعرات کو ہونے والے اس حملے میں ملوث تین حملہ آور مارے گئے ہیں جبکہ باقی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ایک دوسرے واقعے میں شدت پسندوں نے گھات لگا کر 12 فوجیوں کو زخمی کر دیا۔ مصر کی افواج صحرائے سینا میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے خلاف لڑ رہی ہیں لیکن اس تازہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔خبر رساں ادارے رویئٹرز نے سکیورٹی فورسز کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شدت پسندوں نے چیک پوسٹ پر دو گرنیڈ داغے اور اْس کے بعد نقاپ پوش مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ابھی تک یہ واضع نہیں ہوا ہے کہ یہ ایک ہی حملہ ہے یا دو مختلف واقعات میں پولیس اہلکار اور فوجی مارے گئے ہیں۔ شدت پسند گروہوں نے 2012 سے 2015 تک شمالی صحرائے سینا میں 400 سے زیادہ حملے کیے ہیں۔صحرائے سینا کے جہادی گروہوں نے شدت پسند تنظیم داعش کی بیعت کی ہے۔