خبرنامہ

عراقی افواج اور داعش کے درمیان لڑائی شدت اختیار کر گئی

بغداد ۔ 18 اکتوبر (ملت + اے پی پی) عراق کے شہر موصل میں عراقی افواج اور پولیس کا داعش کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس آپریشن کے دوران داعش کی جانب سے شدید مزاحمت کے باعث لڑائی شدت اختیار کر گئی ہے۔ امریکا نے موصل میں عراقی فورسز کی پہلے دن کی کارروائیوں کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موصل کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں وقت لگے گا۔ بڑی تعداد میں عراقی فوج نے موصل سے داعش کا قبضہ چھڑوانے کے لیے پیشقدمی کی ہے۔سرکاری افواج اور داعش کے عسکریت پسندوں کے درمیان مختلف مقامات پر سخت مقابلہ جاری ہے۔ دونوں اطراف کی جانب سے جانی نقصانات کی تفصیل ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے تا ہم عراقی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ دبیق شہر کے باسی شہر چھوڑ کر چلے گئے ہیں اور عراقی فوج نے آسانی سے اس علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔دوسری طرف پینٹاگون کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کارروائی میں امریکی افواج فضائی مدد فراہم کر رہے ہیں جس میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان نے داعش کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے پہلے دن کو کامیاب قرار دیا ہے۔