خبرنامہ

عراق: داعش کے حملے میں 9عراقی فوجی ہلاک 3کو اغواء کرلیا گیا

بغداد (ملت آن لائن + آئی این پی) عراق میں داعش کے حملے میں 9عراقی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ 3کو اغواء کرلیا گیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق عراق کے سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی مغربی گورنری الانبار میں الرطبہ کے مقام پرشدت پسند گروپ داعش کے تازہ حملے میں کم سے کم نو فوجی ہلاک اور تین اغوا کرلیے گئے ہیں۔داعشی جنگجوں نے الرطبہ کے علاقے الصقار میں عراقی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی تین گاڑیوں کو گھات لگا کرحملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ان گاڑیوں میں موجود نو فوجی ہلاک ہوگئے۔ جنگجوں نے تین فوجیوں کو یرغمال بنالیا جب کہ ایک گاڑی بھی لاپتا ہے جوممکنہ طور پرداعش نے قبضے میں لے لی ہے۔ذرائع کے مطابق داعشی جنگجوں نے خراب موسم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فوجی گاڑیوں پرحملہ کیا۔ حملے سے قبل مغربی انبار میں ریت کا شدید طوفان آیا تھا۔ جس کے نتیجے میں زیادہ دور صاف دکھائی نہیں دے رہا تھا۔خیال رہے کہ مغربی الانبار کے تین اہم علاقے اب بھی داعش کے زیرتسلط ہیں۔ ان میں شام سے متصل القائم شہر خاص طور پراہمیت کا حال ہے۔ یہاں موجود داعشی جنگجو اکثر عراقی سیکیورٹی فورسز پرحملے کرتیرہتے ہیں۔ الرطبہ کے علاقے میں عراقی فوج پرحملوں میں القائم کے داعشی جنگجو پیش پیش رہے ہیں۔ داعشی جنگجو اردن اور عراق کی سرحدی گذرگاہ طریبیل میں آمد ورفت میں بھی رکاوٹ پیدا کرنے کے لیے حملے کرتے ہیں۔