خبرنامہ

عراق میں داعش کا شہریوں کی وفاداریاں معلوم کرنے اور انتقام لینے کا نیا حربہ

بغداد (ملت آن لائن + آئی این پی) عراق کے شمالی شہر موصل میں داعش نے پولیس کے بھیس میں اندھا دھند فائرنگ کرکے 15شہریو ں کو قتل کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شدت پسند گروپ داعش نے عراق کے شمالی شہر موصل میں پولیس کے بھیس میں عام شہریوں پر اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں کم سے کم 15 شہری ہلاک ہوگئے۔مقامی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے جنگجوں نے اپنا بھیس تبدیل کرکے ایک نئے انداز میں شہریوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا ہے۔ داعشی جنگجو عراق کی وفاقی پولیس کے یونیفارم میں وسطی موصل میں شہری آبادی میں داخل ہوئی۔ شہریوں نے انہیں عراقی پولیس سمجھ کر ان کے حق میں نعرے لگائے۔ اس پر داعشی جنگجوں نے شہریوں پر اندھا دھند گولیاں چلا دیں جس کے نتیجے میں کم سے کم پندرہ شہری جاں بحق ہوگئے۔نینوی گورنری کے ایک سینیر عہدیدار حسام الدین العبار نے بتایا کہ دہشت گردوں نے شہریوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کے لیے ایک نیا روپ اختیار کیا ہے۔ وہ سرکاری یونیفارم میں آبادی میں داخل ہو کرمقامی لوگوں کا رد عمل جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔ اگر شہری انہیں سرکاری پولیس اور فوج کے اہلکار سمجھ کر ان کی حمایت کرتے ہیں تو انہیں گولیوں سے بھون دیا جاتا ہے۔