خبرنامہ

فلم ’’ٹائی ٹینک‘‘ کا حذف شدہ سین 20 سال بعد ریلیز

فلم ’’ٹائی ٹینک‘‘ کا حذف شدہ سین 20 سال بعد ریلیز

نیویارک(ملت آن لائن)تاریخ کی کامیاب ترین ہالی ووڈ فلم ’ٹائی ٹینک‘ کا ایڈیٹنگ کے دوران حذف کیا گیا ایک سین 20 سال بعد منظر عام پر آگیا۔

ہالی ووڈ جیمز کیمرون کی 1997میں بننے والی شہرہ آفاق فلم ’ٹائی ٹینک‘ کا اس وقت فلم سے نکالا گیا ویڈیو کلِپ حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے۔ اپنی ریلیز سےدنیا بھر میں اب تک 2ارب ڈالرز سے زائد بزنس کرنے والی فلم کے اختتامی لمحات کے مناظر کو دو دہائیوں کے بعد پیش کیا گیا ہے جس میں زندہ بچ جانے والی ہیئروئن ’روز‘ حادثے سے بچ جانے کے بعد شدید تکلیف اور صدمے میں دکھائی دیتی ہیں۔

ایک منٹ اور 20 سیکنڈ پر مشتمل اس کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیرو کی موت کے بعد جب امدادی کارکنوں نے ہیروئن کو یخ بستہ پانی سے نکالا تو وہ افسردگی کے عالم میں تھی اور صدمے کے باعث اس پرسکتہ طاری تھا۔ اس دوران جب روز کی والدہ نے سردی کی شدت کو کم کرنے کے لیے گرما گرم مشروب پیش کیا تاہم صدمے سے چوُر اداکارہ اس کی جانب نہیں دیکھتی تو وہ کپ زبردستی اسے تھمادیا جاتا ہے۔

یہ شارٹ کلپ اصلی فلم کے مناظر کا حصہ ہے جس میں کوئی ڈائیلاگ نہیں لیکن غمگین موقع کی مناسبت سے لائٹ میوزک ضرور ہے۔

بحراوقیانوس میں غرق ہونے والے دنیا کےعظیم الشان جہاز ٹائی ٹینک کے آخری سفر کے دوران جہاز پر الیگزینڈر آسکر نامی ایک سیلز مین بھی اپنی بیوی ایلس کے ساتھ سفر کررہا تھا، بد قسمتی سے الیگزینڈر اس حادثے میں مارا گیا جب کہ اس کی بیوی کو بچالیا گیا۔ الیگزینڈر کا خط گزشتہ دنوں نیلامی کے لیے پیش کیا گیا، اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ کہ جہاز سے لکھا گیا آخری خط ہے۔ نیلام گھر کے حکام کا اندازہ تھا کہ یہ خط 80 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوگا لیکن خلاف توقع یہ ایک لاکھ 26 ہزار برطانوی پاؤنڈ میں نیلام ہوا۔