خبرنامہ

قومی اور مذہبی تنازعات کو انتخابی مہم کا موضوع نہ بنایا جائے: آیت اللہ خامنہ ای

تہران ۔ 16 اکتوبر (ملت + اے پی پی) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے آئندہ سال ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ انتخابی مہم کے دوران قومی اور مذہبی امور کو نہ اچھالیں۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کی طرف سے جاری ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ قومی بیداری کے بعد مذہبی اور قومی نوعیت کے مسائل سیکورٹی اداروں کے لیے جنون کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ اس لئے صدارتی امیدوار ان امور پرسیاست کرنے سے سختی سے گریز کریں۔ خبررساں ایجنسی ’’تسنیم‘‘ کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی جانب سے سیکیورٹی اداروں کے لیے 18 خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ قومیت، فرقے اور مذہب کی بنیاد پر ایران میں جاری تنازعات کو نہ اچھالا جائے کیونکہ ان حساس معاملات پر بات کرنا قومی سلامتی کے منافی ہے۔ خیال رہے کہ ایران میں صدارتی انتخابات 19 مئی 2017ء کو ہوں گے۔