خبرنامہ

منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث کویتی اداکار ساتھی سمیت گرفتار

کویت سٹی ۔ 16 اکتوبر (ملت + اے پی پی) کویت کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے ایک سرکردہ اداکار کو اس کے عراقی نژاد ساتھی سمیت حراست میں لیا ہے جن پر منشیات کا کاروبار کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کویتی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزمان کا کہنا ہے کہ وہ کاسمیٹک کی اشیاء کی شکل میں کیمیکل اور منشیات کو ملا کر منشیات تیار کرتے اور انہیں اندورن اور بیرون ملک بالخصوص یورپی ملکوں کو فروخت کرتے رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پروڈیوسر اور اداکار عادل المسلم نے اعتراف کیا ہے کہ کویت میں قائم اس کے دفتر کے اندر ایک کارخانہ قائم ہے جس میں منشیات کی تیاری اور اس کی پیکنگ کے بعد وہیں سے خریدو فروخت کی جاتی رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر عادل المسلم اور اس کے ساتھی کی گرفتاری کے بعد کی تصویر سامنے آنے پر لوگوں نے اسے کسی فلمی سین کے طور پر لیا اور کسی کو یقین نہیں تھا کہ المسلم جیسا اداکار بھی منشیات کے فروغ میں ملوث ہو سکتا ہے تاہم کویتی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ عادل المسلم اور اس کے ایک کویتی ساتھی کو گرفتار کیا گیا ہے۔