خبرنامہ

موصل کو داعش کے کنٹرول سے آزاد کروانے کیلئے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے،حیدر العبادی

بغداد ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے اعلان کیا ہے کہ داعش کے کنٹرول سے موصل شہر کوچھڑانے کے لیے آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق موصل کو داعش کے کنٹرول سے آزاد کروانے کے لیے منصوبہ بندی کئی ماہ سے جاری تھی۔عراقی وزیر اعظم نے فوجی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موصل کو آزاد کرانے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا وہ یہ اعلان کرتے ہیں کہ آپریشن کا آغاز ہو گیا ہے تاکہ آپ کو داعش کے تشدد اور دہشت گردی سے آزاد کرایا جا سکے۔دوسری جانب پناہ گزین سے متعلق اقوام متحدہ کے اداے یو این ایچ سی آر کے ترجمان ادران ایڈورڈ نے کہا ہے کہ اس معرکہ سے شدید انسانی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ 2014ء میں عراق کے مختلف علاقوں پر داعش کے قبضے کے بعد 33 لاکھ 80 ہزار افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے تھے۔