خبرنامہ

میانمار میں جھڑپیں، 20 ہزار افراد چین پہنچ گئے

بیجنگ (ملت + اے پی پی) میانمار میں سکیورٹی فورسز اور ریاست شان میں مقامی نسل سے تعلق رکھنے والے باغیوں کے درمیان جھڑپوں کے بعد کم از کم 20 ہزار سرحد عبور کر کے چین میں داخل ہوگئے ہیں۔چین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں افراد سرحدی کیمپوں میں داخل ہوئے ہیں اور انھیں انسانی بنیادوں پر مدد فراہم کی جا رہی ہے۔گذشتہ ہفتے میانمار کی چین کے ساتھ متصل سرحد پر باغیوں کے ایک حملے میں 30 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔یہ پرتشدد واقعات دہائیوں پر محیط تنازعے کے خاتمے کے لیے میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی کی کوششوں کو ایک دھچکا ہے۔چین کی وزات خارجہ کے ترجمان گینگ شوآنگ کا کہنا ہے کہ ’جنگ سے عارضی طور پر بچاؤ‘ کرنے والوں مدد فراہم کی ہے۔ انھوں نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ چین امن عمل میں میانمار کی حمایت کرتا ہے۔حکام کے مطابق لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب پولیس کی وردیوں میں ملبوس میانمار نیشنلیٹیز ڈیموکریٹک الائنس آرمی (ایم این ڈی اے اے) نے اچانک دھاوا بول دیا تھا۔اس حملے کا ہدف پولیس اور فوجی چوکیاں تھیں۔ ایک اور گروہ نے لوکائی کے دیگر علاقوں میں حملے کیے تھے۔اس حملے میں پانچ شہریوں، پانچ پولیس اہلکاروں اور کم از کم 20 باغی جنگجوؤں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔.