خبرنامہ

پگھلتے ہوئے لاوے کی حیران کن ویڈیو جاری

پگھلتے ہوئے لاوے کی حیران کن ویڈیو جاری
لاہور:(ملت آن لائن)دنیا حیران کن واقعات و اتفاقات کا مجموعہ ہے اب اس سیاحتی گائیڈ کو ہی دیکھ لیجئے جو ایک لاوا ابلتے ہوئے پہاڑ پر گیا تو کسی اور مقصد سے تھا لیکن وہاں اس کا کیمرہ اسکے ہاتھ سے چھوٹ کر گر پڑا جس نے پگھلتے ہوئے لاوے کی حیران کن ویڈیو ریکارڈ کرلی ۔ امریکی ریاست ہوائی میں ”ایرک سٹورم “نامی یہ سیاحتی گائیڈ سیاحوں کے ایک گروپ کےساتھ ایک آتش فشاں پہاڑ کے اوپر گیا اسی دوران وہاں سے کم مقدار میں لاوا ابلنا شروع ہوگیا اور سیاح اس پگھلتے لاوے کو بہتا دیکھ کر رک گئے ۔ ایرک بھی اسکی ویڈیو بنانے لگا کہ اچانک کیمرہ اسکے ہاتھ سے چھوٹ کر گر پڑا اور لڑھکتا ہوا لاوے کےساتھ ایک تنگ جگہ پر پھنس گیا جسکے بعد لاوا کیمرے کے اوپر آگرا اور کیمرہ بھی جلنا اور پگھلنا شروع ہوگیا ۔
خوش قسمتی سے لاوا شدید نوعیت کا نہیں تھا لہٰذا اس کا اخراج جلد ہی رک گیا اور بہتا ہوا لاوا چند منٹ بعد سخت پتھر کی شکل اختیار کرگیا ۔ ایرک کا کیمرہ بھی لاوے کی زد میں آکر سخت پتھر میں قید ہوچکا تھا جسے کسی طرح ایرک نکال کر گھر لے آیا تاہم یہ دیکھ کر ایرک کی حیرت کی انتہا نہ رہی کہ اس میں موجود فلم اور ریکارڈنگ بالکل محفوظ رہی تھی ۔