خبرنامہ

ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہ ہسپانوی خاتون راتوں رات مشہور

ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہ ہسپانوی خاتون راتوں رات مشہور

میڈرڈ:(ملت آن لائن) وہی چہرہ، وہی سنہری بال اور اسی انداز سے گھورنا، اسپین میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہم شکل خاتون سامنے آگئیں۔ اسپین کے شمال مشرقی علاقے کبانا دی برگنتینوس میں رہنے والی بزرگ خاتون ڈولوریس اینٹیلو اپنے چہرے کے باعث راتوں رات مشہور ہو گئیں۔ ڈولوریس گزشتہ 40 برس سے اس علاقے میں رہائش پذیر ہیں اور ان کے پاس نہ تو ٹی وی ہے اور نہ ہی موبائل فون۔ مقامی صحافی پولا وزکوئز نے کھیتوں میں کام کرنے والی اس خاتون کی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تو وہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور اسے بے حد پسند کیا گیا۔

ڈولوریس اینٹیلو کو شاید علم بھی نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کون ہیں لیکن امریکی صدر کے مشابہ ہونے کے باعث انہوں نے شہرت کمالی ہے۔ مقامی میڈیا کے نمائندے بھی ان سے انٹرویو لینے پہنچے جس کے دوران خاتون نے کہا کہ گاؤں کے لوگ اب انہیں ڈونلڈ ٹرمپ کی کزن پکارنا شروع ہوگئے ہیں۔