خبرنامہ

کسی کو کافر قرار دینا خطرناک مسئلہ ہے، سعودی سپریم علما کونسل

سعودی عرب:(ملت+اے پی پی) سعودی عرب کی سپریم علما کونسل نے کہا ہے کہ دوسروں کو کافر قرار دینا ایک انتہائی خطرناک مسئلہ ہے جس کا تعلق براہِ راست اللہ تعالیٰ کے ساتھ ہے۔ سعودی سپریم علما کونسل کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دوسروں کو کافر کہنا ایک شرانگیز سوچ ہے جو اس وقت زمین پر سب سے زیادہ خطرناک ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تکفیری عناصر اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات سے اپنی نسبت جوڑ کر مرضی کے حلال اور حرام کے فیصلے صادر کرتے ہیں جس کے نتیجے میں دوسروں کے جان، مال، حق وراثت اور نکاح تک خطرے میں پڑ جاتے ہیں۔ سعودی سپریم علما کونسل کےبیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بعض ممالک میں جاری بے گناہوں کا قتل عام اور املاک کو بم دھماکوں سے تباہ کرنا صریحاً سنگین جرم ہے جو گمراہ اور تکفیری فرقوں کی کارستانی ہے۔