خبرنامہ

کشمیر کے حوالے او آئی سی کا موقف حوصلہ افزا ہے: یاسین ملک

سرینگر ۔ 22 اکتوبر (ملت + اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئر مین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ جموں کشمیرکے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) کا موقف انتہائی حوصلہ افزا اور کشمیریوں کی قربانیوں کا برملا اعتراف ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے، جو رواں برس آٹھ جولائی سے غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں،سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی موقف اور سخت پروپیگنڈے کے باوجود کسی بھی عالمی ادارے یا ملک نے جموں کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ تسلیم نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیوں کی بدولت عالمی برادری اسوقت تنازعہ کشمیر کے حل پر زور دینے کے ساتھ ساتھ یہ بات بھی تسلیم کر رہی ہے کہ اس تنازعہ کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ جبر وا ستبداد کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا سکے گا۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز کی بے انتہا چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے عظیم شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔محمد یاسین ملک نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی موجودہ کٹھ پتلی حکومت نے نہتے لوگوں پر مظالم کے تمام ریکارڑ توڑ دیے ہیں جسکا اسے ایک روز حساب دینا پڑے گا۔انہوں نے آزادی کے حق میں مظاہروں میں حصہ لینے کی پاداش میں ملازمین کی برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کے خلاف جاری جبر و استبداد کا نوٹس لیں۔