خبرنامہ

کویتی عدالت نے اقامے کے تاجروں پر 21 لاکھ 30 ہزار دینار کے جرمانے کر دیئے

کویت سٹی ۔(ملت+اے پی پی) کویت کی وزیر سماجی و محنت امور ہند الصبیح نے انکشاف کیا ہے کہ کویتی عدالت نے اقامے کے دھندے میں ملوث فرضی کمپنیوں پر 21 لاکھ 30 ہزار دینار کے جرمانے کر دیئے۔ اقامے فروخت کرنے والوں کے خلاف 250عدالتی فیصلے جاری ہوئے۔ وزیر افرادی قوت محمد سعفان کو کویت کے مصری سفارتخانے میں وزارت کے ماتحت دفتر سے رپورٹ ملی ہے جس میں لیبر کنسلٹنٹ احمد یوسف نے واضح کیا ہے کہ کویتی وزیر محنت نے فرضی کمپنیوں کے مالکان کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے ریکارڈ پر موجود ایسے اقامے جو فروخت کئے گئے ہیں منسوخ کر دیں۔ وزارت داخلہ سے اس سلسلے میں یکجہتی پیدا کریں۔ مطلوبین کی فہرست میں درج افراد کی گرفتاری اور کویت سے ان کی بیدخلی میں تعاون دیں۔ کویتی وزیر محنت نے بتایا کہ سال رواں کی پہلی ششماہی کے دوران کویتی وزارت داخلہ کو 322فائلیں موصول ہوئی تھیں۔ ان کا تعلق اقاموں کے دھندے سے تھا۔ ساری فائلیں عدالت کو بھجوا دی گئی تھیں جبکہ گزشتہ برس موصولہ فائلیں 561تھیں انہیں تحقیقات کیلئے بھیج دیا گیا تھا ان میں 558کو عدالت کے سپرد کر دیا گیا تھا۔