خبرنامہ

کویت نےیمن کےامن مذاکرات کےنئےدورکی میزبانی کی پیشکش کردی

کویت سٹی : (ملت+ اے پی پی) حکومت کویت نے ایک بار پھر یمن کے بارے میں امن مذاکرات کے نئے دور کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سیکریٹری خارجہ سلیمان الجاراللہ نے کہا ہے کہ اگر بحران یمن کے تمام فریق راضی ہوں تو ان کا ملک، امن مذاکرات کے نئے دور کی میزبانی کے لئے تیار ہے۔ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ اور نیشنل کانگریس پر مشتمل یمن کے قومی وفد اور سعودی عرب کے حمایت یافتہ وفد نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد الشیخ احمد کی ثالثی میں 21 اپریل 2016 ء سے کویت میں امن مذاکرات کا آغاز کیا تھا، لیکن بحران یمن کے حل اور قومی حکومت کے قیام کے لئے ہونے والے مذاکرات، سعودی عرب کے حمایت یافتہ وفد کی رخنہ اندازی کے باعث ناکام ہو گئے تھے۔ مذاکرات کی ناکامی کے بعد انصاراللہ اور نیشنل کانگریس پر مشتمل یمن کے قومی وفد نے سیاسی کونسل قائم کر کے پارلیمنٹ کو بحال کر دیا تھا جس کا مقصد عارضی طور پر ملکی انتظام کو چلانا اور عوام کی مشکلات کو حل کرنا تھا لیکن سعودی عرب کے حمایت یافتہ وفد نے اس اقدام کی بھی شدید مخالفت کی ہے۔ البتہ سیاسی کونسل کی تشکیل سمیت متعدد معاملات پر پائے جانے والے اختلافات کے پیش نظر مذاکرات کے نئے دور کے آغاز اور کسی مشترکہ ایجنڈے پر اتفاق رائے کا امکان کم ہی نظر آتا ہے۔