خبرنامہ

ہاتھ پاؤں سے محروم لڑکی ویٹ لفٹر بن گئی

ہاتھ پاؤں سے محروم لڑکی ویٹ لفٹر بن گئی
ٹورنٹو:(ملت آن لائن) کینیڈا میں ہاتھ پاؤں سے پیدائشی طور پر محروم لڑکی لنڈسے ہلٹن ویٹ لفٹنگ سمیت کئی کھیلوں میں مہارت حاصل کرکے عزم و ہمت کی نئی مثال بن گئی ہے۔ کینیڈین خاتون لنڈسے ہلٹن نے اپنی معذوری کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے زندگی کو پرُلطف بنانے کے ساتھ ساتھ خود سے زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت پیدا کرلی ہے،عزم و ہمت کی یہ جیتی جاگتی تصویر جسمانی اعضاء سے محروم لوگوں کے لیے ایک مثال ہے۔




لنڈسے چھوٹے قد اور ہاتھ پیر نا ہونے کے باوجود بھرپور زندگی گزار رہی ہیں، معذوری کی وجہ سے ان کی زندگی محدود نہیں ہے بلکہ وہ ہرمیدان میں عام لوگوں سے بڑھ کرحصہ لیتی ہیں۔ لنڈسے نے اپنی زندگی کو مرجھائے ہوئے پھولوں کے بجائے تروتازہ اور خوش رنگ بنایا ہے وہ نا صرف رگبی کی کھلاڑی ہیں بلکہ تیراکی کرنا بھی جانتی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ جسمانی ورزش کا کٹھن اور مشکل مشغلہ بھی ان کی وجہِ شہرت ہے۔ لنڈسے اپنے آپ کو فٹ رکھنے کے لیے کسی جتن سے نہیں گھبراتیں اور روزانہ جمناسٹک کی سرگرمیوں سے اپنے آپ کو پرفیکٹ ثابت کرنے کی کامیاب کوششیں کرتی ہیں۔متاثر کن شخصیت کی حامل کینیڈین خاتون کی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگاسکتے ہیں کہ ہزاروں کی تعداد میں سوشل میڈیا فینزان کی غیر معمولی ویڈیوز دیکھتے اور شیئرکرتے ہیں۔ لنڈسے کی شخصیت بلند ہمت و حوصلے اور جواں جذبوں کی عکاس ہے۔