خبرنامہ

یمنی دارالحکومت میں شہریوں کے اجتماع کو ہدف بنانے کی اطلاعات کی تحقیقات کریں گے

ریاض (ملت + اے پی پی) سعودی عرب کی قیادت میں عسکری اتحاد نے کہا ہے کہ وہ ان دعووں کی تحقیقات کرے گا جن میں کہا گیا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے یمنی دارالحکومت صنعاء میں شہریوں کے ایک اجتماع کو ہدف بنایا ہے۔العریبہ ٹی وی کے مطابق عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم ان میڈیا رپورٹس سے آگاہ ہیں جن میں حوثی ملیشیا کا یہ دعویٰ نقل کیا گیا ہے کہ صنعا کے نزدیک رات ایک فضائی حملے میں متعدد یمنی شہری مارے گئے ہیں۔بیان کے مطابق اس علاقے میں حالیہ دنوں کے دوران میں یمن کی مسلح افواج اور باغیوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔ ان سے متعلق رپورٹس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔اس سلسلے میں جب ہمیں مزید معلومات ملیں گی تو ہم انھیں عوام کے لیے جاری کر دیں گے۔واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس میں یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ عسکری اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے بدھ کی رات یمنی دارالحکومت کے شمال میں ایک مکان کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا تھا۔اس وقت وہاں لوگ ایک اجتماع کے سلسلے میں جمع تھے۔