خبرنامہ

یمن میں لڑائی جاری، اقوام متحدہ بات چیت کی بحالی کے لیے سرگرم

صنعا ۔ یکم اکتوبر (اے پی پی) یمن میں حوثی باغیوں اور سابق مں حرف صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار ملیشیا کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں اور شہری آبادی پر گولا باری جاری ہے۔ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحادی فوج نے بھی یمن کے مختلف شہروں میں قابض حوثی اور علی صالح باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے یمن بحران کے حل کے لیے ایک بار پھر بات چیت بحال کرنے کی کوششیں شروع کی ہیں۔ العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد عمان کے دارالحکومت مسقط میں حوثی اور علی صالح کے نمائندہ وفد سے بات چیت کی تیاری کررہے ہیں۔ یمنی باغیوں کے نمائندوں سے ہونے والی بات چیت میں فریقین میں امن مذاکرات کی بحالی اور باغیوں کو جنگ بندی پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔اقوام متحدہ کے امن مندوب کی طرف سے بات چیت کی بحالی کی تازہ مساعی ایک ایسے وقت میں شروع ہوئی ہیں جب یمنی باغی ملک کے مختلف شہروں میں بھاری ہتھیاروں سے شہری آبادی پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ۔