خبرنامہ

یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کا نیا امن منصوبہ

صنعاء (ملت + اے پی پی) یمن میں سیاسی ذرائع نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد یمن کے بحران کے حل اور مذاکرات کی جانب واپس لوٹنے کے لیے ایک نیا ترمیم شدہ امن منصوبہ پیش کریں گے۔ مذکورہ ذرائع کے مطابق نیا متبادل امن منصوبہ متعدد نکات کا حامل ہوگا جن میں نمایاں اور اہم ترین یہ ہیں ، یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی کا پورے اختیارات کے ساتھ عبوری مرحلے تک باقی رہنا،نائب صدر کے عہدے کا خاتمہ جس پر اس وقت جنرل علی محسن الاحمر کام کر رہے ہیں، حضر موت میں موجود عسکری بریگیڈز کے صنعاء منتقل ہو جانے کے بعد حوثی جماعت کا اپنے ہتھیار حوالے کر دینا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ولد الشیخ اپنے حالیہ دورے میں یمنی فریقوں کو جو ترامیم پیش کریں گے وہ سلامتی کونسل کی قرار داد 2216 پر اس کی تمام شقوں کے ساتھ عمل درامد کا طریقہ کار اور روڈ میپ ہے۔ علاوہ ازیں ان ترامیم کو اْس براہ راست بات چیت میں زیر بحث لایا جائے گا جس کا مقام اور وقت جلد متعین کر دیا جائے گا۔