خبرنامہ

15لاکھ سے زائد عازمین حج حجاز پہنچ چکے ہیں،گورنر مکہ

ریاض: (ملت+اے پی پی) سعودی عرب کی سرکاری حج کمیٹی کے چیئرمین اور گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے دنیا بھر سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مملکت میں پہنچنے والے اللہ کے مہمانوں کی نئی تفصیلات اور اعدادو شمار جاری کیے ہیں۔عرب خبرساں ا دارے کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ اب تک 15 لاکھ 21 ہزار عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔مکہ معظمہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ عازمین حج انڈونیشیا سے آئے ہیں۔ اس کے بعد بالترتیب پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، ترکی، ایران سے بڑی تعداد میں عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ حجاج کرام کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اندرون ملک سے 2 لاکھ 24 ہزار 655 افراد کو حج کی اجازت دی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کے حوالے سے بعض جعلی حج دفاتر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایسے 87 فرضی دفاتر بند کردیے گئے ہیں۔ حج قواعد کی خلاف ورزی 3 لاکھ 55 ہزار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی اور 2760 افراد کی غیرقانونی طریقے سے حجاج میں شمولیت کی کوشش ناکام بنائی گئی۔