خبرنامہ

اسرائیلی پولیس کی سکیورٹی میں 129 یہودی قبلہ اول میں داخل

مقبوضہ بیت المقدس ۔(ملت آن لائن) یہودی شرپسندوں کی طرف سے مسلمانوں کے قبلہ اول پر دھاووں اور مقدس مقام کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز 129 یہودی شرپسندوں نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مسلمانوں کے تاریخی مقدس مقام کی بے حرمتی کے اشتعال انگیز اقدام کا ارتکاب کیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز قبلہ اول میں داخل ہونے والے شرپسند یہودیوں میں متعدد یہودی طلباء شامل تھے۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے اور پولیس نے آباد کاروں کو فول پروف سکیورٹی مہیا کررکھی تھی۔ یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ کے ’’مراکشی دروازے‘‘ کے راستے داخل ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ کا باب المغاربہ 1967ء کے بعد قابض صیہونیوں کے نرغے میں ہے اور یہودی اسی دروازے کو قبلہ اول میں دھاووں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔