خبرنامہ بلوچستان

آزاد رکن بلوچستان اسمبلی سردارعبدالرحمن کھیتران نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان

،بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں اورآزاد ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لے رہے ہیں ، وفاق میں بلوچستان عوامی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کو سپورٹ کریگی،بی اے پی کے صدر جام کمال
کوئٹہ۔02 اگست( اے پی پی )آزاد رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ جمعرات کو اپنی رہائش گاہ پر بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن صو بائی اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے کامیابی کے بعد اپنے حلقے کے عوام سے مشاورت کے بعد آج بلوچستان عوامی پارٹی میں غیر مشروط طور پر شمولیت کا اعلان کرتا ہوں جام کمال خان کے ساتھ میرے بزرگوں کے دوستانہ اورقریبی تعلقات رہے ہیں اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال خان نے کہا کہ ہم بلوچستان اسمبلی میں سادہ اکثریت کے قریب ہیں جمعہ کو بلوچستان عوامی پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا جس میں قائد ایوان اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے ناموں پر غور وخوض کے بعد حتمی فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔ انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں اورآزاد ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لے رہے ہیں جبکہ وفاق میں بلوچستان عوامی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کو سپورٹ کریگی۔