خبرنامہ بلوچستان

اشرف مگسی کیس، گواہ کا بیان قلمبند

کوئٹہ: (اے پی پی) بلوچستان پبلک سروس کمیش میں بے ضابطگیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ملزم اشرف مگسی کو عدالت میں پیش کیا گیا، کیس کے گواہ نے بیان قلمبند کرا دیا ۔ احتساب عدالت کے جج عبدالمجید ناصر نے کیس کی ، سماعت کے دوران نیب کی جانب سے پبلک سروس کمیش کے سابق چیئرمین اشرف مگسی ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیاز کاکڑ اور ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الوحید کو بھی عدالت میں پیش کیا جبکہ گزشتہ سماعت کے دوران عدالت کا گواہان کو پیش کرنے کے حکم پر نیب نے محمد عامر نامی گواء کو عدالت میں پیش کیا جس نے اپنا بیان قلمبند کرایا ۔ محمد عامر کے مطابق 2 اکتوبر 2012 کو نیب نے پبلک سروس کمشن آفس پر چھاپہ مارا اور اس کی موجودگی میں تمام ریکارڈ قبضے میں لیا ۔ عدالت نے اشرف مگسی کے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث 12 اگست تک سماعت ملتوی کر دی ۔ واضح رہے قومی احتساب بیورو کے مطابق بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں سیکشن افسر کی تیرہ اسامیوں کیلیے تحریری اور زبانی امتحانات کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ نتائج کےمطابق پہلے نمبر پر کمیشن کے چیئرمین اشرف مگسی کے صاحبزادے اسد مگسی دوسرے نمبر ڈپٹی ڈائریکٹر امتحانات عبد الوحید کے بیٹے، ممبر کمیشن عنایت چنگیزی کے بیٹے اور دیگر بااثر شخصیات کے رشتہ داروں کو کامیاب قرار دیا گیا تھا ۔