خبرنامہ بلوچستان

امریکی قونصل خانے کے زیر اہتمام’ بلوچی یوم ثقافت‘ کی تقریب

کراچی:(اے پی پی)امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ کی رہائش گاہ پر بلوچی یوم ثقافت کی تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں نامور بلوچی فنکاروں، کاروباری افراد ، صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مشہوربلوچی موسیقاراختر چنال زہری نے دلفریب بلوچی موسیقی پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل کی حیثیت سے میں سندھ اور بلوچستان میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہوں۔ بلوچستان کا سفر کرنااکثر ناممکن ہوتا ہے اسی لیےہماری کوشش ہوتی ہے کہ اس قسم کی تقریبات کے ذریعے بلوچستان کے عوام سے رابطہ بحال رکھا جائے۔ قونصل جنرل برائن ہیتھ نے مزید کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے اور پاکستانی اس پر جتنا فخر کریں کم ہے۔پاکستان کی طرح امریکا میں بھی مختلف ثقافتوںسے تعلق رکھنے والے افراد بستے ہیں ۔ یہ افراد دوسری ثقافتوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والےلوگوںکے ساتھ نا صرف گھل مل کر رہتے ہیں بلکہ ان کی روایات کوبھی اپناتے ہیں۔اس طرح ایک مضبوط امریکا کی تشکیل میں مدد ملتی ہے۔ امریکی قونصل خانہ سندھ اور بلوچستان کےصحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت کیلئے بھی کوششیں کر رہا ہے۔بلوچی زبان بولنے والے اور بلوچی میڈیا سے وابستہ بے شمار صحافیوں کوتبادلہ پروگراموں پر امریکا بھیجا جاچکا ہے جبکہ بلوچی زبان کے ٹی وی چینل کے تین کارکنوں کو بھی امریکی زندگی اور طرزمعاشرت پر دستاویزی فلم ترتیب دینے کیلئے امریکا بھیجا گیاتھا۔ اس کے علاوہ تاریخ میں پہلی بار قونصل خانے کی اردو اور سندھی ویب سائٹس کا اجرا کرنے کے ساتھ ساتھ قونصل خانے کے سوشل میڈیا پر انگریزی کے علاوہ اردو، سندھی، بلوچی اور پشتو زبانوں کو متعارف کرایا جا چکا ہے۔