خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان:گاڑی دھماکا،ایک اہلکارشہید، پانچ زخمی

کوئٹہ:(آئی این پی)کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس پر بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید، پانچ زخمی ہو گئے ، دھماکے میں پولیس وین مکمل تباہ ہو گئی ۔ پولیس کے مطابق مشرقی بائی پاس کے علاقے بلوچستان کانسٹیبلری کی قاسم لائن سے ریپیٹ رسپانس گروپ کے 5 اہلکار موبائل میں اسٹیشن جا رہے تھے جوں ہی گاڑی بکرا منڈی کے قریب پہنچی تو اچانک روڈ کنارے نصب ریمونٹ کنٹرول بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ، دھماکے میں آر آر جی کا بہترین نشانہ باز عطاء محمد موقع پر جان بحق ہو گیا ۔ عطا محمد اسلام آباد نشانہ بازی کے مقابلوں میں حصہ لینے جا رہا تھا ۔ دھماکے میں انسٹرکٹر عبد الرازق ، حوالدار صابر حسین ، سپاہی ثناء اللہ اور عبدالوحید موقع پر زخمی ہو گئے ، دھماکے میں گاڑی مکمل طور پر تباہی ہو گئی جبکہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ ایس ایس پی سریاب ظہور احمد نے جائے وقوع کا معائنہ کیا ان کے کہنا تھا کہ دھماکے میں چار کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا جسے ریمونٹ کنڑول سے اڑایا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو ان کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ دوسری جانب زخمیوں کو کوئٹہ کے سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے مشرقی پائی پاس دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور زخمیوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔