خبرنامہ بلوچستان

بلوچستان میں الیکشن کمیشن کے افسران اور امیدواروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کے اعلی افسران، آئی جی ایف سی اور آئی جی پولیس سے رابطہ کیا جائے گا،سیکرٹری الیکشن کمیشن

کوئٹہ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے اتوار کو کوئٹہ میں صوبائی الیکشن کمشنربلوچستان کے دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بلوچستان میں الیکشن کے حوالے سے سیکورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی الیکشن کمشنربلوچستان نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بلوچستان میں الیکشن کمیشن کے دفاتر اورافسران کی سیکورٹی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب فتح محمد نے کہا کہ الیکشن سے متعلق تمام درپیش مسائل سے آگاہ ہیں بلوچستان میں الیکشن کمیشن کے افسران اور الیکشن 2018 کے امیدواروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کے اعلی افسران، آئی جی ایف سی اور آئی جی پولیس سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے افسران سے بھی ملاقات کی اور انکے مسائل سنے اور انکے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے ان مشکل حالات میں ساتھ دینے اور مدد کرنے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ اور اس عزم کا ارادہ کیا کہ بلوچستان میں پرامن اور شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے میں کوئی قصر نہیں چھوڈیں گے۔